اوگرا کے ترجمان عمران غزنوی نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت پیٹرول اور ڈیزل کی کوئی قلت نہیں اور دونوں مصنوعات وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔
ایک ٹیلی فونک گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی افواہوں کے باعث بعض افراد نے ضرورت سے زیادہ پیٹرول خریدنے کی کوشش کی تھی، تاہم اب مارکیٹ میں پھیلنے والی افواہیں دم توڑ چکی ہیں اور افراتفری کی صورتحال ختم ہو گئی ہے۔
ترجمان اوگرا کے مطابق ملک بھر میں پیٹرول پمپس کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی سرگرمیوں پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ سپلائی کا نظام متاثر نہ ہو۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کہیں پیٹرول یا ڈیزل کی قلت، ذخیرہ اندوزی یا زائد قیمت وصول کرنے کی شکایت ہو تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی جائے تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔