مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں اور فی بیرل قیمت 100 ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق خطے میں جاری تنازع اور آبنائے ہرمز کے معاملے پر پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے بعد عالمی توانائی منڈی شدید دباؤ کا شکار ہے جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 23 فیصد اضافے کے بعد 114.36 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 27 فیصد اضافے کے بعد 115.11 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی ہے۔
ماہرین توانائی کے مطابق اگر مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ طویل ہو گئی اور توانائی کی ترسیل متاثر رہی تو خام تیل کی قیمت مزید بڑھ کر 120 ڈالر فی بیرل تک بھی جا سکتی ہے۔