ڈھاکا: بنگلادیشی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور توانائی بحران کے خدشات کے باعث ملک بھر کی یونیورسٹیاں عید تک بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حکام نے بتایا کہ عید کی تعطیلات کو قبل از وقت شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت آج سے ملک کی تمام سرکاری اور نجی یونیورسٹیاں بند رہیں گی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے توانائی بحران کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ بجلی اور ایندھن کی کھپت میں کمی لائی جا سکے۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے بجلی کے استعمال میں کمی آئے گی جبکہ ٹریفک کا دباؤ کم ہونے سے ایندھن کے ضیاع کو بھی کم کیا جا سکے گا۔
حکومت نے وضاحت کی کہ یونیورسٹی کیمپس، ہاسٹلز، کلاس رومز، لیبارٹریز اور ایئر کنڈیشننگ کے استعمال کے باعث بڑی مقدار میں بجلی خرچ ہوتی ہے، اس لیے قبل از وقت تعطیلات سے توانائی کے نظام پر دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ بنگلادیش میں رمضان المبارک کے دوران سرکاری اور نجی اسکول پہلے ہی بند ہیں جبکہ اب یونیورسٹیاں بھی عید الفطر تک بند رہیں گی۔