یوم پاکستان کے موقع پر متحدہ عرب امارات میں واقع دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کو پاکستانی پرچم کے سبز اور سفید رنگوں سے روشن کیا گیا، جس نے وہاں مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک جذباتی اور یادگار منظر پیش کیا اور قومی فخر کو اجاگر کیا۔
ڈاؤن ٹاؤن دبئی میں اس شاندار منظر کو دیکھنے کے لیے پاکستانی کمیونٹی سمیت بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے، جہاں شرکاء نے اس موقع کی تصاویر اور ویڈیوز بنائیں، ایک دوسرے کے ساتھ خوشی کا اظہار کیا اور ملی نغموں کے ساتھ جشن بھی منایا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک دہائی سے برج خلیفہ کو یوم پاکستان اور یوم آزادی سمیت اہم قومی دنوں پر باقاعدگی کے ساتھ پاکستانی پرچم کے رنگوں سے روشن کیا جاتا ہے، جو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط اور دوستانہ تعلقات کی عکاسی بھی کرتا ہے۔
اس کے علاوہ یوم پاکستان کے موقع پر متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے اور دبئی میں قونصل خانے میں بھی باقاعدہ پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی گئیں، جن میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کی اور قومی دن کو جوش و خروش کے ساتھ منایا۔
ابوظبی میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے قومی پرچم لہرایا اور حالیہ تنازعات میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کے لیے خصوصی دعا بھی کی، جس میں ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کے لیے جاری جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا اور اس مسئلے پر پاکستان کے اصولی اور دیرینہ مؤقف کا اعادہ بھی کیا۔