امریکی جریدے کے مطابق خلیج میں جاری جنگ بھارتی معیشت کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہو رہی ہے، جس کے باعث معاشی دباؤ میں اضافہ اور مالی عدم استحکام کے خدشات بڑھتے جا رہے ہیں۔
دی نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر یہ صورتحال طویل مدت تک برقرار رہتی ہے تو اس سے بھارت کے مالی وسائل پر شدید دباؤ پڑ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں معیشت کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
رپورٹ کے مطابق بھارت میں گھریلو سطح پر گیس کی قلت پہلے ہی صارفین کو مشکلات سے دوچار کر رہی ہے، اور توانائی کی کمی نے عام شہریوں کے لیے روزمرہ زندگی مزید مشکل بنا دی ہے۔
دی نیویارک ٹائمز نے مزید کہا ہے کہ جاری جنگ کے باعث بھارت کی برآمدات اور خلیجی ممالک سے آنے والی ترسیلات زر بھی شدید خطرے سے دوچار ہو گئی ہیں، جو ملکی معیشت کے لیے اہم ستون سمجھی جاتی ہیں۔
دوسری جانب گزشتہ ایک ماہ کے دوران بھارت کی اسٹاک مارکیٹ میں بھی نمایاں گراوٹ دیکھنے میں آئی ہے، جہاں مارکیٹ تقریباً 10 فیصد تک نیچے آ چکی ہے، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد میں کمی کی نشاندہی کرتی ہے۔