لاہور میں پاکستان ریلویز نے عید کے تین دنوں کے دوران مسافر ٹرینوں سے ریکارڈ آمدن حاصل کی ہے، جسے ریلوے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
ترجمان پاکستان ریلویز کے مطابق عید کے پہلے دن 11 کروڑ روپے، دوسرے دن 17 کروڑ روپے اور تیسرے دن 20 کروڑ روپے سے زائد آمدن حاصل ہوئی، جس سے مجموعی طور پر تین دنوں میں نمایاں ریونیو جمع کیا گیا۔
ریلوے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مسافر ٹرینوں سے ایک ارب روپے سے زائد آمدن حاصل ہوئی، جو مسافروں کے بڑھتے اعتماد اور سفری سہولیات میں بہتری کی نشاندہی کرتی ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اس کامیابی کو مثبت پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریلوے انتظامیہ اس کارکردگی پر مبارکباد کی مستحق ہے اور مستقبل میں بھی اسی طرح بہتری کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور مضبوط ریلوے ٹریک کی فراہمی ان کا بنیادی حق ہے، جس پر حکومت کام کر رہی ہے، اور آئندہ تین سال کے دوران کراچی سے روہڑی تک ریلوے ٹریک کو مکمل طور پر اپ گریڈ کر دیا جائے گا۔