نئی دہلی: خلیج میں جاری جنگی صورتحال کے باعث بھارتی معیشت پر منفی اثرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں، جس سے مالیاتی مارکیٹس میں غیر یقینی صورتحال بڑھ گئی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کار بھارتی بانڈز اور اسٹاک مارکیٹ سے تیزی کے ساتھ سرمایہ نکال رہے ہیں، جس سے مارکیٹ پر دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک سرمایہ کار مجموعی طور پر 12.14 ارب ڈالر بھارت سے نکال چکے ہیں، جو سرمایہ کاری کے رجحان میں نمایاں تبدیلی کو ظاہر کرتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خلیجی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں بھارت میں مہنگائی مزید بڑھ سکتی ہے اور عوام پر مالی دباؤ میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے بھارتی روپیہ تقریباً 4.2 فیصد تک کمزور ہو چکا ہے، جو کرنسی مارکیٹ میں عدم استحکام کی نشاندہی کرتا ہے۔