سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں دو علیحدہ کارروائیاں کرتے ہوئے 13 خوارج کو ہلاک کر دیا ہے، جبکہ علاقے میں مزید کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فورسز نے باڑہ اور بنوں میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کیں، جن میں باڑہ کے علاقے میں 10 خوارج ہلاک کیے گئے، جبکہ ضلع بنوں میں ہونے والی کارروائی کے دوران مزید 3 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دہشتگرد عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشنز بدستور جاری رکھے گئے ہیں تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنوں اور باڑہ میں دہشتگردوں کا خاتمہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہیں اور ملک کے امن کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دے رہی ہیں۔