سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پرائیویٹ ٹیکسی میں سفر کرنے والی خواتین کو ہراسانی کا سامنا رہتا ہے، اسی لیے پنک ٹیکسی سروس متعارف کرائی جا رہی ہے جسے خواتین چلائیں گی اور اس میں سفر بھی خواتین ہی کریں گی۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ای وی پنک اسکوٹی منصوبے کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا ہے، اور سندھ حکومت خواتین کو مفت پنک اسکوٹیز فراہم کر رہی ہے، جبکہ دیگر صوبوں میں اس نوعیت کی سہولت موجود نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک 20 ہزار خواتین نے ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دی ہے، جبکہ حکومت خواتین کو مفت ڈرائیونگ لائسنس اور پیشہ ورانہ تربیت بھی فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ خودمختار بن سکیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ الیکٹرک بسیں بھی کامیابی سے چل رہی ہیں اور جلد مزید بسیں سسٹم میں شامل کی جائیں گی، جس سے شہری ٹرانسپورٹ میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومتوں کی اولین ترجیح روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہونی چاہیے، اور دھابیجی اکنامک زون میں سرمایہ کاروں کو دعوت دی جا رہی ہے کہ وہ سرمایہ کاری کریں تاکہ صنعتوں کے فروغ سے روزگار میں اضافہ ہو۔
سینئر وزیر نے کہا کہ ای وی ٹیکنالوجی کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے، اور دھابیجی اکنامک زون میں الیکٹرک وہیکل مینوفیکچرنگ کے منصوبے لگانے کی ضرورت ہے، جبکہ صدر آصف علی زرداری نے بھی اپنے دورہ چین کے دوران اس شعبے میں سرمایہ کاری پر زور دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی اہمیت بڑھ رہی ہے، تاہم تیل کی قیمتوں میں اضافہ تمام شعبوں کو متاثر کرتا ہے، جس کے نتیجے میں مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے، اور اس حوالے سے صدر ہاؤس میں بھی اجلاس منعقد ہوا تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات پر غور کیا جا سکے۔
شرجیل میمن نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مشکل حالات میں بھی قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک کے بارے میں ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنا چاہیے۔