افریقی ممالک زمبابوے اور موزمبیق میں سیلاب اور سمندری طوفان سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 127 تک جاپہنچی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق براعظم افریقا کے ممالک زمبابوے اور موزمبیق میں سمندری طوفان ایڈائی نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 127 ہوگئی ہے۔ ان میں 65 افراد زمبابوے اور 62 موزمبیق میں لقمہ اجل بنے۔
سمندری طوفان ایڈائی پہلے موزمبیق سے ٹکرایا اور پھر اِس کے ساتھ آنے والے تیز رفتار جھکڑوں اور شدید موسلا دھار بارش نے زمبابوے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دونوں ممالک کے ساحلی علاقے سیلابی ریلے میں ڈوب گئے جس کے باعث درجنوں گاؤں تباہ اور سیکڑوں افراد لاپتہ ہوگئے۔
موزمبیق کی حکومت کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش کے ساتھ ساتھ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا بھی سلسلہ جاری ہے، ادھر زمبابوے میں بھی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور متاثرین کو ریلیف کیمپ میں منتقل کیا گیا ہے۔ دونوں ممالک میں زخمیوں کی مجموعی تعداد 500 سے تجاوز کرگئی ہے۔