ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا جب کہ جنوبی پنجاب اور سندھ آج بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے تاہم ملک کے مختلف حصوں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے بعض شہروں میں آج بھی تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔ کوئٹہ، ژوب، ڈی آئی خان، ڈی جی خان، ملتان، سرگودھا، سکھر، لاڑکانہ، راولپنڈی ڈویژن، کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔
گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے بعض شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جب کہ مختلف علاقوں میں آندھی نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا۔
جڑواں شہروں سمیت پنجاب کے دارالحکومت لاہور، چشتیاں، خوشاب، سرگودھا، فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں تیز ہواؤں کے بعد بارش اور بوندا باندی سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی دادو، شہید بے نظیر آباد میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ، سکھر، سکرنڈ 43 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ موہنجوداڑو، چھور، ٹنڈوجام اور مٹھی میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔
خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں تیز آندھی سے 42 افراد زخمی اور تین جاں بحق ہوگئے جبکہ بی آر ٹی منصوبہ بھی تیز ہواؤں کو برداشت نہ کرسکا اور26 اسٹیشنز کی سیلنگز سوکھے پتوں کی طرح اڑ گئیں۔
ترجمان پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور میں آندھی کے باعث بی آرٹی اسٹیشنز کونقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ اسٹیشن 26 میں روشن دان کی تنصیب ابھی جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق تمام 31 اسٹیشن پر روشن دان نصب کئے جا چکے ہیں۔ 26 کے علاوہ تمام اسٹیشنز کے روشن دان اور دروازے بالکل سلامت ہیں۔
ذرائع کے مطابق نو تعمیرشدہ سیلنگ نیچے گرنا شروع ہوئیں تو تعمیر پر مامور مزدوروں نے بھاگ کر جان بچائی۔
دوسری جانب آندھی کے باعث شہر کے نواحی علاقوں میں چھتیں گرنے سے 42 زخمی اور تین جاں بحق ہوگئے۔
حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے ترجمان ( ایچ ایم سی) کے مطابق اسپتال میں 12 زخمی اور ایک بچہ مردہ لایا گیا ہے جن میں سے زخمیوں میں تین کی حالت تشویشناک ہے۔