محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک جبکہ جنوبی پنجاب اور سندھ میں گرم رہے گا۔
ہفتے کے روز محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ اور بنوں، پنجاب میں راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج گرمی کی شدت میں قدرے اضافے کا امکان ہے۔ دوپہر کے وقت موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم شام کے وقت موسم معتدل رہے گا۔ صبح کے وقت اسلام آباد کا درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور آسمان پر ہلکے بادل چھائے رہے۔
سندھ بھر میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ کشمور، جیکب آباد، لاڑکانہ، شکار پور اور خیرپور میں مطلع جزوی طور پرابر آلود رہے گا۔
کراچی کا درجہ حرارت صبح کے وقت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 73 فیصد رہا۔ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے ہفتے کے روز پنجاب میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی ہے تاہم راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں بونداباندی متوقع ہے۔ آزاد کشمیر میں آج اکثر مقامات پر مطلع مکمل طور پر ابر آلود رہے گا اوربونداباندی بھی ہو سکتی ہے۔
لاہور میں موسم آج بھی خشک رہے گا۔ شہر کا درجہ حرارت32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد رہے گا۔
خیبرپختونخوا میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا لیکن بارش کا امکان نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج بلوچستان میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ سب سےزیادہ گرمی سندھ کے علاقے شہید بے نظیر آباد میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔