وزیرا عظم عمران خان اور سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار 2 مئی کو مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ تقریب میں شرکت کے لئے دعوت نامے ارسال کردیئے گئے ہیں، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے مہمند ڈیم کی تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، ڈیم کا سنگ بنیاد 2مئی کو رکھا جائے گا، جس کے لئے دعوت نامے ارسال کردیئے گئے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان اس تاریخ ساز منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بھی تقریب سے خطاب کریں گے جبکہ وفاقی وزرا ، چیئرمین واپڈا ، چیف منسٹر کے پی شریک ہوں گے۔
واضح رہے کہ حکومت نے ڈیم کی تعمیر کا ٹھیکہ ڈیسکون کمپنی کو دیا ہے، منصوبے پر 183 ارب خرچ ہونگے۔ مہمند ڈیم ضلع مہمند میں دریائے سوات پر منڈا ہیڈ ورکس سے 5 کلومیٹر اپ سٹریم تعمیر کیا جا رہا ہے،700 فٹ بلنڈ ڈیم میں 1.293 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش کے ساتھ 800 میگاواٹ بجلی بھی بنائے گا، چارسدہ ، نوشہرہ اور پشاور کے مکینوں کوسیلابی پانی سے بھی بچائے گا۔ مہمند ڈیم کی تعمیر نومبر 2024 میں مکمل ہو گی۔
ایک لاکھ 60 ہزار ایکڑ زمین کو پانی کے فراہمی کے ساتھ ساتھ 16 ہزار ایکٹر اضافی زمین کو بھی زیر کاشت لایا جائے گا۔ پشاور کے شہریوں کو 30 کروڑ گیلن پینے کا بھی پانی میسر ہو گا اور اس سے 52 ارب روپے کا سالانہ فائدہ ہوگا۔
خیال رہے 6 جولائی 2018 کو کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان نے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے فوری طور پر دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے احکامات اور فنڈز قائم کرنے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔
جس کے بعد دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے لیے کھولے جانے والے فنڈز میں پاکستانیوں کی جانب سے عطیات دینے کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے اور اب تک ڈیم فنڈ میں 10 ارب سے زائد رقم جمع ہوچکی ہے۔