رمضان المبارک کی ٹرانسمیشن میں شوبز سے جڑے افراد پر پابندی عائد کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی۔
پنجاب اسمبلی میں حق پارٹی کے پارلیمانی لیڈر مولانا محمد معاویہ اعظم کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ شوبز سے جڑے افراد کو رمضان ٹرانسمیشن کا میزبان بنانا انتہائی افسوسناک عمل ہے، رمضان ٹرانسمیشن میں ایسے لوگ میزبانی کرتے ہیں جن کا تعلق دین اسلام سے وابستہ طبقے سے نہیں ہے۔
قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ اس عمل سے ہر سال کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری کی جاتی ہے، قرارداد میں پیمرا سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ٹی وی چینل کو پابند کرے کہ شوبز سے جڑے لوگوں کو رمضان ٹرانسمیشن میں ہرگز شامل نہ کیا جائے۔