بھارت میں انتہا پسند ہندو جماعت نے نوجوت سنگھ سدھو کے سر کی قیمت مقرر کردی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق دائیں بازو کی انتہا پسند جماعت ہندو یووا واہینی نے اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادیتیا ناتھ کی بےعزتی کرنے پر سابق کرکٹر اور ریاست کے وزیر ثقافت و سیاحت نوجوت سنگھ سدھو کا سر قلم کرنے والے کو 10 ملین روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
انتہا پسند جماعت کے آگرہ کے صدر ترون سنگھ نے اپنے ایک بیان میں نوجوت سنگھ سدھو کو پاکستان کا دورہ کرنے پرغدار قرار دیتے ہوئے کہا کہ سدھو پاکستان واپس چلے جائیں ورنہ ہم انہیں بھارت میں رہنے نہیں دیں گے۔
ترون سنگھ نے مزید ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ سدھو کا پاکستان کی تعریف کرنا اور اپنے ہی ملک کی برائیاں کرنا ناقابل معافی گناہ ہے، اگر سدھو جی میرے شہر آگرہ آئے تو میں اُن کے جسم کے ٹکڑے ٹکڑے کردوں گا۔
واضح رہے کہ بھارتی ریاست پنجاب کے وزیر اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے راجستھان میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اتر پردیش کے وزیراعلیٰ کی پالیسی پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں ’چور‘ کہا تھا۔