وزیر اعظم عمران خان آج امریکا کے تین روزہ دورے پر روانہ ہوگئے. وزیر اعظم عمران خان پیر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ون آن ون ملاقات ہوگی. شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اور عمران خان ملاقات دوبار ہوگی۔
واشنگٹن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان کا دورہ امریکا خطے میں امن و امان اور بالخصوص افغانستان کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، وزیراعظم کے دورہ امریکا سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا۔
شاہ محمود قریشی کے مطابق وزیر اعظم کا دورہ تین روزہ ہوگا، وہ ہفتے کو دوپہر ساڑھے تین بجے روانہ ہوں گے اور 21 جولائی کو امریکا پہنچیں گے جہاں 22 جولائی کو ٹرمپ سے ون آن ون ملاقات ہوگی جس کے بعد دونوں رہنما میڈیا سے بات چیت کریں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان کا خود استقبال کریں گے اور وزیراعظم کے اعزاز میں وائٹ ہاؤس میں ظہرانہ بھی ہوگا، دورہ امریکا میں عسکری قیادت بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوگی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی صدر اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان دو نشستیں ہوں گی، پہلی نشست اوول آفس میں اور دوسری کیبنٹ روم میں ہوگی۔
اطلاعات کے مطابق وزیراعظم کے دورے کے دوران 21 جولائی کو ان کی ورلڈ بینک کے وفد سے بھی ملاقات ہوگی اور وہ کمیونٹی سے بھی ملیں گے جب کہ واشنگٹن میں تاجروں کا وفد اور امریکی کمپنیوں کے سربراہان بھی وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے، ان کی آئی ایم ایف کے ایکٹنگ ایم ڈی سے بھی ملاقات ہوگی، 23 جولائی کو وہ امریکی ٹی وی کو انٹرویو بھی دیں گے۔