آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، پاکستان کشمیریوں کوکبھی تنہا اور حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گا، آخری سانس، آخری فوجی اور آخری گولی تک لڑیں گے۔
تفصیلات کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے ہاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ شہداء کے ورثا سے بات چیت باعث فخر ہے، قیام پاکستان میں شہدا کا لہو شامل ہے، شہدائے پاکستان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتا ہوں، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، جب بھی ضرورت پڑی بیٹوں نے لبیک کہا، شہداء نے اپنا کل ہمارے آج کے لئے قربان کر دیا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستانی اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، کشمیریوں کی تکالیف انسانی ضمیر کیلئے لمحہ فکریہ ہیں، کشمیر میں ریاستی دہشتگردی عروج پر ہے، ہم نے ہمیشہ امن و سلامتی اور مذاکرات پر زور دیا، کشمیر ہندو توا کے پیرو کار حکومت کے ظلم کا نشانہ بن رہا ہے، شہدا کی قربانیاں اور آپ کے حوصلے مضبوط پاکستان کی ضمانت ہیں، ہم کوئی شہادت نہیں بھولے، زندہ قومیں اپنے شہدا پر ناز کرتی ہیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن و سلامتی کی بات کی ہے، کشمیری بہن بھائیوں کی مصیبتوں کا ادراک ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے، نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔