سری لنکن فاسٹ بولر لستھ ملنگا نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 میچ میں اپنے کیریئر کی پہلی ہیٹ ٹرک کے ساتھ ساتھ ہارا ہوا میچ اپنی ٹیم کو جتوا دیا۔
ملنگا نے پالے کیلے اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف 6 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اور ٹی 20 کرکٹ میں 100 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے۔
سری لنکن بولر نے چند روز قبل پاکستان کے جارح مزاج سابق کرکٹر شاہد آفریدی کا 98 وکٹیں لینے کا ریکارڈ توڑا تھا تاہم آج ہونے والے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے کولن منرو ان کا 100 واں شکار بنے۔
اس میچ میں لستھ ملنگا نے ہیٹ ٹرک بھی کی اور 4 گیندوں پر 4 کیوی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ملنگا نے 2007 میں ایک روزہ میچ میں بھی 4 گیندوں پر 4 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
ملنگا نے اپنے دوسرے اوور کی تیسری گیند پر کولن منرو، چوتھی پر رتھرفورڈ، پانچویں پر گرینڈ ہوم اور آخری گیند پر روس ٹیلر کو آؤٹ کیا۔