وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کے چوتھے روز کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
شیڈول کے مطابق وزیراعظم آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس کے افتتاحی مباحثے میں شرکت کریں گے۔
اس کے علاوہ عمران خان مصر کے صدر عبدالفتح السسی، ایتھوپیا کے صدراور نیوزی لینڈ کی وزیراعظم مس جیسنڈا آرڈرن سے بھی ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان ایس جی کے زیراہتمام ظہرانے میں بھی شرکت کریں گے جبکہ کشمیر کے معاملے پر او آئی سی رابطہ گروپ کے سربراہان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ترکی کے صدر طیب اردگان، ایران کے صدر حسن روحانی کے علاوہ دیگر ممالک کے صدور اور وزراعظم سے ملاقاتیں کی تھیں۔
وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا ’میں کشمیر پر اچھا ثالث ثابت ہو سکتا ہوں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ان تین دنوں میں بہت سارے ممالک کے سربراہان مجھ سے ملنا چاہتے ہیں لیکن میں عمران خان سے ملنا چاہتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان عظیم رہنما ہیں جو ان حالات میں بھی امن کی بات کر رہے ہیں، اگر میری ثالثی سے مسئلہ کشمیر حل ہوتا ہے تو میں تیار ہوں۔