راولپنڈی: پنجاب پولیس کے دو مختلف مقامات پر مقابلوں میں 5 ملزمان ہلاک ہو گئے، ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں سرفراز روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک، دوسرا زخمی ہو گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کی، جس کی زد میں اپنے ہی ساتھی آ گئے۔
راولپنڈی پولیس کے مطابق 5 ڈکیت فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو رہے تھے، کہ پولیس کے ساتھ مڈ بھیڑ ہو گئی، ملزمان علاقہ وارث خان میں وارداتوں میں ملوث ہیں،
پولیس نے خفیہ اطلاع پر ریڈ کیا تو ڈکیتوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ سے 2 ڈکیت زخمی جب کہ باقی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ زخمی ڈاکوؤں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک ہلاک ہوا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ اس ڈکیت گینگ کی وارداتوں کی متعدد فوٹیجز بھی موجود ہیں۔ ہلاک ڈکیت کی شناخت ولایت شاہ اور زخمی کی شناخت نور خان کے نام سے ہوئی ہے۔
ایس پی راول ڈویژن رائے مظہر اقبال کا کہنا تھا کہ ڈکیتوں کی گرفتاری پولیس کے لیے ایک چیلنج تھی۔