اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستانی دوا ساز کمپنی بی ایف بائیوسائنسز پاکستان میں کورونا وائرس کی دوا تیار کرے گی۔
پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ چھ سے آٹھ ہفتوں میں دوا بنانا شروع کر دی جائے گی جسے دیگر ممالک میں بھی سپلائی کیا جائے گا۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ امریکی کمپنی نے پاکستانی کمپنی بی ایف بائیوسائنسز کو کورونا وائرس کی دوائی بنانے کی اجازت دی ہے،
دنیا میں 2 ممالک کو دوا بنانے کی اجازت دی گئی ہے جن میں پاکستان سر فہرست ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ کورونا نیا وائرس ہے، پوری دنیا میں اس پر ریسرچ ہورہی ہے، حکومت کی بھی کوشش تھی کہ جلد کورونا سے نمٹنے کے لیے کوئی اقدام کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ امریکی کمپنی جیلی ایٹ کی جانب سے بنائی گئی ’ریم ڈیزیور‘ کو بنانے کا لائسنس رکھنے والی 5 کمپنیوں میں سے ایک کمپنی پاکستان میں ہوگی، چند ہفتوں میں پاکستان میں اس دوا کی تیاری شروع ہو جائے گی۔