پاکستان کے معروف گلوکار راحت فتح علی خان کے بولی وڈ گیتوں ‘نیناں دغاز رے’ اور’تیرے مست دو نین’ سمیت متعدد مشہور بھارتی فلمی گیتوں کی موسیقی ترتیب دینے والے موسیقار و اداکار واجد علی 42 سال کی عمر میں گردے کے مرض اور کورونا کی علامات ظاہر ہونے کے بعد چل بسے۔
واجد علی خان نے اپنے بھائی ساجد علی خان کے ساتھ مل کر 1998 میں بطور فلمی موسیقار کے آغاز کیا اور دونوں کی جوڑی کو ساجد واجد کا نام دیا گیا، دونوں برصغیر کے مقبول موسیقار استاد شرافت علی خان کے بیٹے ہیں۔
زیادہ تر دونوں بھائیوں نے ایک ساتھ فلمی گیتوں کی موسیقی ترتیب دی، تاہم دونوں بھائیوں نے انفرادی طور پر بھی کئی گیتوں کی موسیقی ترتیب دی۔
ساجد، واجد کی جوڑی نے سلمان خان کی 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘پیار کیا تو ڈرنا کیا’ سے بطور موسیقار کیریئر کا آغاز کیا،
اسی فلم میں معروف موسیقار ہمیش ریشمیا نے بھی گیتوں کی موسیقی ترتیب دی تھی۔
پیار کیا تو ڈرنا کیا’ کے گانے ‘تیری جوانی’ کی موسیقی ساجد، واجد نے ترتیب دی تھی، اسی فلم کے گانے کی مقبولیت کے بعد دونوں بھائیوں نے آئندہ سال 1999 میں ریلیز ہونے والی سلمان خان کی فلم ‘ ہیلو برادر’ کے گیتوں کی موسیقی بھی ترتیب دی تھی۔
دونوں بھائیوں نے زیادہ تر سلمان خان کی فلموں کے گیتوں کی ہی موسیقی ترتیب دی، تاہم دونوں نے اکشے کمار، گووندا اور ورون دھون سمیت دیگر اداکاروں کی فلموں کے گیتوں کی موسیقی بھی ترتیب دی۔