بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ اسکینڈل کیس میں سابق صدر آصف زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور و دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 21 دسمبر تک توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق بینکنگ کورٹ میں سندھ میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر آصف علی زرداری، فریال تالپور، نمرمجید اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔
سابق صدر کی کمرہ عدالت میں آصف زرداری کے قریب جیالوں کا جم غفیر جمع ہوا تو عدالت نے غیر متعلقہ افراد کو پیچھے جانے کا حکم دیا، جس کے بعد آصف علی زرداری، فریال تالپور، نمرمجید اور دیگر ملزمان نے حاضری لگائی۔
کمرہ عدالت میں آصف زرداری نے نمر مجید سے بھی ملاقات کی، رہنما پیپلزپارٹی نفیسہ شاہ بھی بینکنگ کورٹ پہنچی جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پانچویں دفعہ آصف زرداری اورفریال تالپور پیش ہوئے، عمران خان کے خلاف نیب کا کیس ہے لیکن انہیں استشنی حاصل ہے، علیمہ خان بھی کہیں پیش نہیں ہوتیں، آصف زرداری، بلاول اور فریال تالپور کی پیشیاں ہوتی ہیں۔نفیسہ شاہ نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے پاس انڈے اور مرغیوں کے علاوہ کوئی پالیسی نہیں جبکہ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کردی۔
اس سےقبل تیرہ نومبر کو منی لانڈرنگ کیس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور فریال تالپور کراچی کی بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے،فاضل جج نے کیس کی مختصر سماعت کی جس کے بعد دونوں ملزمان کی ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 10 دسمبر تک کے لیے ملتوی کردی گئی تھی۔عدالت سے واپسی پر آصف زرداری حاضری لگانا بھول گئے،عدالت عملے کی طرف سے فون کرکے دوبارہ بلایا گیا۔ آصف زرداری نے کہاکہ آج تو کوئی حاضری باقی نہیں رہی ؟ عدالت نے کہا کہ نہیں آج کیلئے آپ کی حاضری ہوگئی ،سابق صدر نے کہا کہ کچھ رہ گیا ہے تو وہ بھی لکھوا لیں ، آصف زرداری حاضری لگانے کے بعد عدالت سے روانہ ہوئے تھے۔