ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کا کہنا ہے کہ لاہور جوہر ٹاؤن اور داسو واقعات میں بھارت ملوث ہے۔
بھارت کے جھوٹ کا جواب پاکستان نے سچ اور ثبوتوں کے ساتھ دیا۔ بھارت ریاستی دہشت گردی میں ملوث رہا ہے۔ پاکستان ہر فورم پر بھارتی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کرتا رہے گا۔
ہفتہ وار بریفنگ دوران انہوں نے کہا ہے کہ بھارت افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کررہا ہے۔ بھارت افغانستان اور پاکستان کے عدم استحکام میں ملوث ہے۔ افغان سرزمین پر دہشت گرد گروپ موجود ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی کا بیان موجود شواہد سے مختلف ہے۔ہمارے پاس تمام ویڈیو فوٹیج و مصدقہ ثبوت موجود ہیں۔ تحقیقات کو مکمل کرنے کے لئے افغان سفیر کی بیٹی کا تعاون درکار ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان سب سے زیادہ افغانستان میں امن کا متمنی ہے، امید ہے ٹرائیکا پلس سے بین الافغان ڈائیلاگ آگے بڑھے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا ہے کہ اتحادی افواج کی واپسی افغانستان کے حالات سے منسلک ہے۔ پاکستان کا افغانستان کے ساتھ سمجھوتہ موجود ہے۔ہمارے درمیان مسائل کے حل کے لئے میکنزم موجود ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ عراق سے زائرین کے ویزے سے متعلق بات چیت ہوئی ہے۔ پاکستان اور عراق کےدرمیان بہتر تعلقات قائم ہیں۔