وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پہلے حکومت اور اب پارٹی چلانے کی ذمے داری بھی دوسروں پر ڈال دی۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیری رحمٰن نے کہا کہ عمران خان کے بیانات سے لگتا ہے ان سے زیادہ بے بس کوئی نہیں، پہلے عمران خان نے کہا وہ بےاختیار وزیرِ اعظم تھے، اب کہتے ہیں 2018ء میں پارٹی کے ٹکٹ بھی کسی اور نے دیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان کی بےاختیاری نہیں نااہلی ہے، جسے توشہ خانہ چوری کیس میں نااہل کیا گیا وہ اب بھی مخالفین کو چور کہہ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ عمران خان کرپٹ پریکٹسز اور غلط بیانی کے مرتکب ہوئے ہیں، انہوں نےچوری کی، پھر غلط بیانی کر کے چھپانے کی کوشش کی۔
پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ عمران خان کس منہ سے آصف زرداری اور دیگر کا نام لے رہے ہیں؟ وہ آج بھی ٍالیکشن کمیشن کے نااہل کرنے کا اختیار چیلنج کر رہے ہیں، وہ اپنی بے گناہی ثابت کرنے عدالت نہیں گئے، پی ٹی آئی چیئرمین اپنے خلاف قانونی کارروائی روکنا چاہتے ہیں۔
شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ عمران خان نے چوری نہیں کی اور بےقصور ہیں، تو تلاشی سے کیوں بھاگ رہے ہیں؟ وہ صرف اداروں اور فیصلوں پر اثرانداز ہونے کے لیے لانگ مارچ کی دھمکی دے رہے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان جانتے ہیں لوگ ان کے ذاتی سیاسی مفادات کے لیے نہیں نکل رہے، پی ٹی آئی چیئرمین 6 ماہ سے لانگ مارچ کی کال منسوخ کرنے کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں۔