خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے شنوارسک میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک سپاہی شہید ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز(آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق آپریشن کے دوران فوجی جوانوں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور پاک فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔
فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر جان محمد عرف چراغ سمیت 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ڈسٹرکٹ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ سپاہی حامد رسول نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا جب کہ دو جوانوں سمیت چار اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی اس طرح کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت فراہم کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ یکم اپریل کو خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا تھا جبکہ اسی روز آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ بلوچستان کے ضلع سبی کے علاقے نوشمان میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی گئی تھی جہاں ایک دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے تھے۔