کوئٹہ میں سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق شر کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا، مقتول سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف ایک مقدمے میں درخواست گزار تھے۔
پولیس کے مطابق عبدالرزاق شر کو کوئٹہ کے علاقے ایئرپورٹ روڈ پر عاق چوک کے قریب گھر سے عدالت جاتے ہوئے نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔
سر اور سینے میں گولیاں لگنے سے ان کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی، پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے خول ملے ہیں۔
عبدالرزاق شر نے پی ٹی آئی کے چیئرمین کے خلاف بطور وزیراعظم آئین توڑنے پر آرٹیکل چھ کے تحت سنگین غداری کا مقدمہ درج کرنے کے لیے بلوچستان ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کر رکھی تھی۔
ایس پی شفقت جنجوعہ کا کہنا ہے کہ ورثا پوسٹ مارٹم کے بغیر ہی سول اسپتال سے لاش اپنے ہمراہ لے کر چلے گئے۔
وزیراعلی ٰبلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے وکیل عبدالرزاق شر کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیراعلی کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیکر فوری رپورٹ پیش کی جائے۔