وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فتنہ اسلام آباد پر حملہ آور ہونا چاہتا تھا، 9 مئی کو منصوبہ بندی کے تحت تنصیبات پر حملے کیے گئے، فتنے نے انتشار اور نفرت کے کلچر کو فروغ دیا۔
دارالحکومت میں اسلام آباد پولیس لائنز میں اسپتال اور ماڈل کالج کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پولیس فورس کی بہتری کیلیے تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے، پولیس شہدا کے ورثا کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پولیس شہدا کے ورثا کے واجبات ادا کر دیے گئے ہیں، شہدا کے ورثا کے تمام مسائل حل کیے جائیں گے، شہدا نے ہمارے محفوظ مستقبل کیلیے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں، قوم شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں کو معاف نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کر دی گئی ہیں، کیپٹل پولیس قیام امن میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، اسلام آباد میں ڈولفن فورس اور دوسری فورس بنائی جائیں گی، پنجاب میں ڈولفن فورس نہ بنتی تو اسٹریٹ کرائمز بڑھتے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف دن رات ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں، ہر شعبے میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے، گزشتہ حکومت میں پیسے لے کر لوگوں کی تعیناتیاں کی جاتی تھیں۔