وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نومبر میں انتخابات ہو جائیں گے البتہ مخصوص حالات میں ایک سے دو ماہ کی تاخیر ہو سکتی ہے۔
وزیر دفاع نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ 9 اگست کی شام تک اسمبلی تحلیل کر دی جائے گی جس کے بعد آئین کے مطابق 90 دن میں انتخابات کرانا ضروری ہیں۔ دو ماہ سے زیادہ انتخابات میں تاخیر نہیں ہو سکتی۔
علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا ہے کہ انتخابات ایک سے 2 ماہ میں ہو جانے چاہئیں کیونکہ کوئی نئی حلقہ بندیاں نہیں ہو رہیں، نواز شریف انتخابات سے قبل ضرور پاکستان آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیں 20 سال پہلے والے سیاسی اور معاشی بحران کی طرف لے گئی ہے، جمہوریت میں وزیر اعظم کا آنا جانا لگا رہتا ہے۔