اسلام آباد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم آزادی کے موقع پر ملکی اور غیرملکی شخصیات کیلئے سول ایوارڈز کا اعلان کیا ہے۔
مذکورہ ایوارڈز بہترین کارکردگی، پاکستان کیلئے خدمات اور شجاعت و بہادری پر دیئے جارہے ہیں، مجموری طور پر 696شخصیات کیلئے سول ایوارڈز کا اعلان کیا گیا ہے۔
کورونا وبا کے ایام میں فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونیوالوں کیلئے ایوارڈ کے علاوہ نیوکلیئر سائنس، ادب ،کھیل اور عوامی خدمت کے شعبوں میں 7 شخصیات کیلئے نشان امتیاز کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان کیلئے خدمات پر 2غیر ملکی شخصیات کیلئے ہلال پاکستان کا اعلان کیا گیا ہے، صدرمملکت آئندہ سال 23مارچ کو ملکی و غیرملکی افراد کو ان اعزازات سے نوازیں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مذکورہ اعزازات دینے کی منظوری14اگست کے موقع پر دی ہے اس موقع پر صدر مملکت نے 7 افراد کو نشان امتیاز دینے کی بھی منظوری دی۔
ذرائع کے مطابق 2افراد کو ہلال پاکستان اور ایک کو ہلال شجاعت عطا کیا جائے گا جبکہ 26افراد کو ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا، 18افراد کو ہلال قائد اعظم اور ایک شخص کو ستارہ پاکستان دیا جائے گا۔
20کو ستارہ شجاعت، 61کو ستارہ امتیاز اور 70شخصیات کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی اور 3شخصیات کو ستارہ قائد اعظم اور 4کو ستارہ خدمت سے نوازا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق 25شخصیات کو تمغہ شجاعت،155 افراد کو تمغہ امتیاز عطا کیا جائے گا، چار شخصیات کو تمغہ خدمت، 299 کو تمغہ امتیاز دیا جائے گا۔