کراچی جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کے الیکٹرک کے بھاری بھرکم بلوں نے شہریوں کا جینا عذاب کردیا ہے میٹر تیز چلتے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی میں کوئی بھی حکومت آجائے وہ کے الیکٹرک مافیا کو مکمل سپورٹ کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بجلی کی ایوریج کاسٹ 6 روپے 75 پیسے ہیں اور اس کے ساتھ 22 روپے فی یونٹ وہ دینے پڑتے ہیں جو حکومتی نالائقیوں کے باعث معاہدوں کی مد میں شامل کیے جاتے ہیں دیگر ٹیکسز اس کے علاوہ ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں کراچی کے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بجلی کی میٹروں کی فرانزک کے حوالے سے نیپرا مین کوئی قانون ہی موجود نہیں ہماری درخواستیں وہاں موجود ہیں لیکن کوئی سننے والا نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے الیکٹرک مافیا کی سرپرستی کررہی ہے، اب بہت ہوگیا ہے، ظلم کی حد ہوتی ہے، ایسا نہ ہو کہ لوگ قانون ہاتھ میں لینا شروع کردیں۔
بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور ہوشربا بلوں کیخلاف کراچی میں شہریوں کے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، مظاہرین کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی کے ہاتھوں تنگ ہیں اور گزر اوقات مشکل ہوگئی ہے
بجلی کے بلوں اور لوڈشیڈنگ کیخلاف جماعت اسلامی کے تحت بعد نماز جمعہ مختلف مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے جامعہ کلاتھ پر مظاہرے سے حافظ نعیم الرحمان نے خطاب کیا۔