پشاورامیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ مہنگائی کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے پشاور میں گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی و معاشی دہشت گردوں نے بھیس بدل بدل کر حکومتیں کیں اور کرپٹ نظام نے سب سے زیادہ نوجوانوں کو ڈسا لیکن اب ملک لوٹنے والوں کا یوم حساب آنے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی صارفین اصل قیمت دینے کو تیار ہیں لیکن بلوں میں 48 فیصد ٹیکسز کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ بجلی، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔
سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کی پرامن جدوجہد عوامی حقوق کے لیے جاری رہے گی اور اب لاہور گورنر ہاؤس کے باہر 3 دن دھرنا دیں گے۔ لاہور اور پنجاب کی عوام دھرنے میں شرکت یقینی بنائیں۔
انہوں نے حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پہیہ جام ہڑتال اور دھرنوں سے پہلے جاگ جاؤ اور پنجاب جاگے گا تو پاکستان جاگے گا۔ پنجاب دھرنے کے بعد سندھ اور بلوچستان بھی جاؤں گا۔