شہباز شریف اور مریم نواز کے لندن پہنچنے کے بعد مسلم لیگ ن کی اہم بیٹھک آج ہوگی۔
سابق وزیراعظم شہباز شریف بھی لندن پہنچ گئے جب کہ ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز لندن میں موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی آج ہونے والی غیر معمولی بیٹھک میں صرف نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز شریک ہوں گے جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق اہم ملاقات میں ن لیگ کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے بیانیے پر مشاورت ہوگی جب کہ پارٹی قائد کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
نواز، شہباز شریف اور مریم نواز آج کی بیٹھک میں مسلم لیگ ن کے ناراض رہنماؤں کے تحفظات پر بھی مشاورت کریں گے۔
واضح رہے کہ ن لیگ کے پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ ن لیگ میں دھڑ بندیوں کی اطلاع پر نوازشریف نے شہباز شریف کوفوری طور پر لندن طلب کیا تھا۔
ئع نے بتایا کہ ن لیگ کے ایک گروپ نے نوازشریف سے شکوہ کیا تھا کہ ہمیں استقبال کے معاملات پر نظر انداز کیا جا رہا ہے، جب کہ 10 ایم پی ایز اور 3 ایم این ایز کے گروپ نے شہبازشریف کو تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگی قائد نوازشریف خود پارٹی میں دھڑے بندیوں سے متعلق معاملات حل کریں گے۔
دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نوازشریف کے حالیہ بیانات پر سنجیدہ حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا تھا، اور قائد ن لیگ کی جانب سے سخت فیصلوں پر کئی سینئر رہنما پہلے ہی ناراض ہیں۔