حماس نے اسرائیل کے خلاف آپریشن شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے غزہ کی پٹی سے اسرائیل پر 5 ہزار سے زائد راکٹ داغنے کا دعویٰ کیا ہے۔
غزہ کی پٹی سے آج صبح اچانک اسرائیل پر راکٹ حملے کے بعد اسرائیل میں خطرے کے پیشِ نظر سائرن بج اٹھے۔
خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے صحافی نے رپورٹ کیا کہ راکٹ صبح ساڑھے 6 بجے غزہ کے متعدد مقامات سے داغے گئے۔
اسرائیلی فوج نے ملک کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں ایک گھنٹہ سے زائد تک سائرن بجاتے ہوئے شہریوں سے بم شیلٹرز کے قریب رہنے کی تاکید کی۔
فوج نے مزید معلومات فراہم کیے بغیر مزید کہا کہ بہت سے عسکریت پسند غزہ کی پٹی سے اسرائیل کی حدود میں گھس آئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ اِس وقت جنگی صورتحال کا سامنا ہے، وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے سیکورٹی حکام کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔