چیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز کا کہنا ہے کہ سب خراب ہونے کے بعد اب سب ٹھیک کرنے کے لئے نواز شریف کی ضرورت ہے انہیں ووٹ دیں وہی آپ کو مہنگائی سے نجات دلائے گا۔
سینیئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کارکنوں اوررہنماؤں سے21 اکتوبرکی تیاریوں پر مشاورت کی گئی اور نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ 12 اکتوبر1999 کا یوم سیاہ ہوئے 24 سال ہو گئے، نوازشریف نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا پاکستان کو دنیا کا ساتواں اور اسلامی دنیا کا پہلا ایٹمی ملک بنایا۔
مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کو دھمکی اور لالچ دی گئی، لیکن انہوں نے پاکستان کے دفاع اور وقار پر سمجھوتہ نہ کیا، اور کہا تھا کہ پاکستانی آزاد ہیں اور آزاد رہیں گے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان اور عوام کے حق کے لئے کھڑا ہونا ہمارے قائد کی روایت ہے، سب خراب ہونے کے بعد اب سب ٹھیک کرنے کے لئے نواز شریف کی ضرورت ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پاکستان کے دفاع پر سمجھوتہ نہ کرنے والا نواز شریف قوم کو معاشی قوت بنائے گا، عوام انہیں دوتہائی ووٹ دیں، وہی آپ کو مہنگائی سے نجات دلائے گا۔