کراچی محکمہ موسمیات نے مختلف شہروں میں بارش کی پیش گوئی کردی اور کوئٹہ، خاران ہرنائی، چمن زیارت، قلعہ عبداللہ،قلعہ سیف اللہ،لورالائی میں بارش متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم بلوچستان میں داخل ہوگیا محکمہ موسمیات نے کوئٹہ،خاران ہرنائی، چمن زیارت، قلعہ عبداللہ ،قلعہ سیف اللہ،لورالائی میں بارش کی پیشگوئی کردی جبکہ پشین، ژوب،موسیٰ خیل، سبی،مستونگ، قلات، نوشکی اورچاغی میں بھی بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہونے لگا ہے، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختوںخوا کےپہاڑی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سےنیچےگر گیا ہے۔
لیہہ میں درجہ حرارت منفی پانچ ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ اسکردو اور استور منفی تین ، کالام میں منفی ایک ریکارڈ کیا گیا۔
مالم جبہ، بالا کوٹ، مری، اسلام آباد میں رات کے اوقات میں سردی کی شدت بڑھ رہی ہے اور پشاور، مانسہرہ ، سوات سمیت بلوچستان میں کوئٹہ، زیارت اور قلات میں بھی پارہ تیزی سے کم ہورہا ہے۔
سرد موسم سے لطف اندوز ہونے کےلئے سیاحوں کی بڑی تعداد نے پہاڑی علاقوں کا رخ کرلیا ہے۔