آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے تیار ہے، پاک فوج کی پوری توجہ ملکی سرحدوں کے دفاع پر مرکوز ہے، چیلنجز سے بخوبی واقف ہیں، قوم کی حمایت سے مسلح افواج پاکستان کے دشمنوں کو شکست دیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خیرپور ٹامیوالی کے دورے کے دوران بہاولپور کور کی مشقوں کا مشاہدہ کیا، آرمی چیف کو مشقوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ مشقوں کا مقصد چیلنجز سے نمٹنے اور پیشہ ورانہ مہارت کو بڑھانا ہے، آرمی چیف نے فیلڈ فائر،ایئر ڈیفنس، آرمڈ کور اور دیگر مشقوں کا معائنہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فوجی جوانوں سے ملاقات کی ، آرمی چیف نے جوانوں کے بلند حوصلے اور جذبے کو سراہا۔ قبل ازیں خیر پور ٹامیوالی آمد پر کورکمانڈر بہاولپور نے جنرل عاصم منیر کا استقبال کیا۔