میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ فروری کے بعد وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ سندھ ہمارے ہوں گے، ہماری بلدیہ ٹاؤن میں موجودگی ہماری سنجیدگی کا اظہار کرتی ہے۔
بلدیہ ٹاؤن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا فلسفہ بلاتفریق خدمت ہے، ہماری بلدیہ ٹاؤن میں موجودگی ہماری سنجیدگی کا اظہار کرتی ہے۔
مرتضی وہاب نے کہا کہ شپ اونر کے پیچھے کا علاقہ کٹی پہاڑی پر کیا ہوا پھر اس شہر کے ساتھ کیا ہوا،اس شہر کے دعویدار تو بہت ہیں، لیکن 30 سالوں میں مسائل کا حل پیپلز پارٹی نے کیا، فروری کے بعد وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سندھ ہمارے ہوں گے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ آج بلدیہ ٹاؤن میں مستحقین کو زمینیں دیں گے، 30 سال پہلے یہ پلاٹ الاٹ ہوئے تھے، اس کے بعد اورنگی ٹاؤن کے متاثرین کو زمینیں دیں گے، بلاول بھٹو نے 30 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم خدمت کریں، لیاری والوں کو ککڑی گراؤنڈ دیا، عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ جس گراؤنڈ میں کھڑا ہوں اس کو اسپورٹس اسٹیڈیم میں تبدیل کریں گے، الیکشن کے فورا بعد بلدیہ کے عوام کو یہ کرکے دیں گے۔