کراچی: بڑھتی ہوئی بجلی کی قیمتوں اور ماحول دوست توانائی کو فروغ دینے کے لیے سندھ حکومت نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ ماہانہ 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو مفت سولر سسٹم فراہم کرے گی۔
یہ اسکیم سندھ انرجی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے متعارف کرائی گئی ہے، جس کا مقصد کم آمدنی والے افراد کو بھاری بجلی بلوں کے بوجھ سے نجات دینا ہے اور انہیں متبادل توانائی کے ذرائع کی طرف منتقل کرنا ہے۔
اس پروگرام کے تحت اہل گھرانے 20 اگست 2025 تک اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں تاکہ وہ یہ سہولت حاصل کر سکیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اب تک صوبہ بھر سے 1 لاکھ 23 ہزار سے زائد افراد اپنی درخواستیں جمع کر چکے ہیں۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ اگر موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد دستیاب کوٹے سے بڑھ گئی تو اہل افراد کا انتخاب شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا تاکہ ہر مستحق کو برابر کا موقع فراہم کیا جا سکے۔
محکمہ توانائی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام سندھ حکومت کی اس جامع پالیسی کا حصہ ہے جس کا مقصد قومی گرڈ پر انحصار کم کرنا، توانائی کی لاگت میں کمی لانا اور قابل تجدید توانائی کے ذرائع کو فروغ دینا ہے۔ اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی درخواستیں ضرور جمع کرائیں۔