چین میں حلال گوشت کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیشِ نظر پاکستان نے بیف ایکسپورٹ کے شعبے میں بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ پاکستان کی ایک لسٹڈ کمپنی آرگینک میٹ کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو اطلاع دی ہے کہ اسے چین سے 75 لاکھ ڈالر مالیت کا نیا برآمدی آرڈر موصول ہوا ہے۔
کمپنی کی جانب سے بھیجے گئے خط کے مطابق اس نئے معاہدے کے تحت پاکستان مالی سال 2025-26 کے دوران چین کو عالمی معیار کے مطابق تیار کیا گیا پکا ہوا فروزن بون لیس بیف برآمد کرے گا۔ یہ آرڈر اس بات کا عکاس ہے کہ چین میں حلال پروٹین مصنوعات کی طلب تیزی سے بڑھ رہی ہے اور پاکستانی کمپنیاں اس موقع سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ یہ برآمدی معاہدہ سی پیک فریم ورک کے تحت طے پایا ہے، جو نہ صرف تجارتی روابط کو مزید فروغ دے گا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کو بھی مضبوط بنائے گا۔ آرگینک میٹ کمپنی نے یقین دلایا ہے کہ برآمد کیا جانے والا گوشت عالمی معیارات پر پورا اترے گا اور چین کی مارکیٹ میں اعلیٰ معیار کی حلال مصنوعات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان کی گوشت برآمد کرنے والی صنعت کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا اور آئندہ برسوں میں اس شعبے کو مزید وسعت دینے کا ذریعہ بنے گا۔