ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) نے لیجنڈری ریسلر جان سینا کے کیریئر کے آخری مقابلے کی تاریخ باضابطہ طور پر جاری کردی ہے، جس کا دنیا بھر کے مداح بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔
اعلان کے مطابق، لاکھوں شائقین کے دلوں پر راج کرنے والے جان سینا 13 دسمبر 2025 کو واشنگٹن ڈی سی کے کیپیٹل ون ایرینا میں اپنے الوداعی میچ کے لیے رنگ میں اتریں گے۔ یہ موقع ریسلنگ کی تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
جان سینا، جن کی عمر اس وقت 48 برس ہے، نے رواں سال واضح کر دیا تھا کہ 2025 ان کے کیریئر کا آخری سال ہوگا۔ اس وقت وہ دنیا بھر میں اپنے فیئر ویل ٹور پر ہیں، جہاں ہر مقام پر ان کا شاندار استقبال کیا جا رہا ہے۔
اس دوران انہوں نے ریسل مینیا اکتالیس میں تاریخ رقم کرتے ہوئے 17 ویں مرتبہ ورلڈ ٹائٹل جیتا اور یوں ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ کے سب سے کامیاب اسٹار کا اعزاز حاصل کرلیا۔ یہ کامیابی ان کے کیریئر کو ایک نئی بلندی پر لے گئی۔
یاد رہے کہ سینا کے شاندار کیریئر میں 16 مرتبہ ورلڈ چیمپئن شپ کے ساتھ ساتھ 5 مرتبہ یو ایس چیمپئن شپ، 2 رائل رمبل فتوحات اور بے شمار تاریخی مقابلے شامل ہیں۔ ان کی مشہور رائیولریز نے جدید ریسلنگ کو نئی شناخت دی اور دنیا بھر کے مداحوں کو یادگار لمحات دیے۔
جان سینا نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں آخری مقابلے کے حوالے سے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا: “ون لاسٹ ڈانس، فائنل فائنل، 13۔12۔25″۔ ان کے ان الفاظ نے شائقین کو مزید پرجوش اور جذباتی کردیا ہے۔
اگرچہ ان کے حریف کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا، لیکن ماہرین کے مطابق یہ میچ ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ کا سب سے زیادہ جذباتی اور یادگار مقابلہ ہوگا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس ایونٹ میں دنیا بھر سے شائقین بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔
ریسلنگ کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جان سینا کا یہ آخری میچ نہ صرف ڈبلیو ڈبلیو ای کے لیے بلکہ پوری دنیا کے ریسلنگ مداحوں کے لیے بھی ایک تاریخی اور ناقابلِ فراموش لمحہ ہوگا۔