شہر قائد میں آرٹس کونسل کے زیر اہتمام گیارہویں عالمی اردو کانفرنس کا آغاز ہوگیا ہے جس میں پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک سے مندو بین شریک ہیں۔
تفصیلا ت کے مطابق آرٹس کونسل کراچی میں گیارہویں عالمی اردو کانفرنس کا آغاز ہوگیا ہے جس میں دنیا بھر سے اردو سے عقیدت رکھنے والے لوگ شریک ہیں اس موقع پر کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کاخطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی محبتیں بانٹنے والا شہر ہے اور یہاں پاکستان سمیت دنیا بھر کی ادبی شخصیات کا بڑی تعداد میں آنا خوش آئند ہے۔
دوسری جانب اردو کانفرنس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ زبان کی ترویج کے لیے ایسی کانفرنس کا انعقاد ایک کے بجائے کم از کم سال میں تین سے چار مرتبہ ہونا چاہیے۔ یہ سال کا سب سے بڑا ادبی میلہ کہلاتا ہے جو مزید تین روز تک شہر قائد میں جاری رہے گا۔
کانفرنس کے افتتاحی اجلاس کے دوسرے سیشن میں جون ایلیا پر خصوصی سیشن ہوا جس میں جون کی زندگی پر ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ اس سیشن میں معروف پاکستانی ادیب انور مقصود نے جون ایلیا کا خط پڑھا اور شرکا سے خوب داد وصول کی۔
آرٹس کونسل کے زیر اہتمام عالمی اردو کانفرنس 22 سے 25 نومبر تک جاری رہے گی۔ دنیا کے کئی ممالک سے فلسفی، محققین، ادیب اور شاعروں نے اس کانفرنس میں شرکت کر کے اس کو چار چاند لگا دیئے ہیں۔