پاکستان کی آٹو انڈسٹری نے اکتوبر میں فروخت کے لحاظ سے نمایاں بہتری دکھائی، جب کاروں، وینز، پک اپس اور اسپورٹ یوٹیلیٹی وہیکلز (ایس یو ویز) کی فروخت 17 ہزار 333 یونٹس تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 32 فیصد اور ستمبر کے مقابلے میں ایک فیصد معمولی اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس اضافہ کی بڑی وجوہات میں معاشی استحکام، نئی گاڑیوں کے ماڈلز کی آمد، کم شرحِ سود، افراطِ زر میں کمی اور صارفین کے اعتماد میں بہتری شامل ہیں۔
ماہ بہ ماہ فروخت میں نمایاں فرق نہیں دیکھا گیا کیونکہ پاک سوزوکی موٹر کمپنی (پی ایس ایم سی) کی فروخت 18 فیصد کم رہی۔ کمپنی کی جانب سے راوی، بولان، ایوری وی ایکس اور ویگن آر جیسے ماڈلز بند کیے جانے کے باعث سوئفٹ، راوی اور ایوری کی فروخت میں بالترتیب 17، 84 اور 28 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جب کہ بولان کی فروخت مئی 2025 سے بند ہے۔
مالی سال 2025-26 کے ابتدائی 4 ماہ میں مجموعی طور پر گاڑیوں کی فروخت 46 فیصد اضافے کے ساتھ 59 ہزار 600 یونٹس رہی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 40 ہزار 693 یونٹس تھی۔
انڈس موٹر کمپنی (آئی ایم سی) نے اکتوبر میں سب سے زیادہ ماہ بہ ماہ اضافہ ریکارڈ کیا، جس کی فروخت 44 فیصد بڑھ کر 4 ہزار 529 یونٹس تک جا پہنچی۔ کرولا، یارس اور کرولا کراس ماڈلز کی فروخت 41 فیصد ماہ بہ ماہ اور 78 فیصد سال بہ سال بڑھ کر 3 ہزار 742 یونٹس تک پہنچ گئی۔ فورچیونر اور آئی ایم وی ماڈلز کی فروخت 58 فیصد ماہ بہ ماہ اور 83 فیصد سال بہ سال اضافے کے ساتھ 787 یونٹس رہی۔ آئی ایم سی کی چار ماہ کی فروخت 66 فیصد بڑھ کر 14 ہزار 418 یونٹس تک جا پہنچی۔
ہنڈائی نشاط نے سال بہ سال تمام کار ساز کمپنیوں میں سب سے زیادہ 82 فیصد اضافہ دکھایا اور فروخت ایک ہزار 86 یونٹس تک جا پہنچی۔ یہ اضافہ بالخصوص ٹوسان اور ایلنٹرا ماڈلز کی مضبوط طلب کی وجہ سے ہوا۔ تاہم، ماہ بہ ماہ فروخت میں 8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ جولائی تا اکتوبر کمپنی کی مجموعی فروخت 81 فیصد اضافے کے ساتھ 4 ہزار 698 یونٹس رہی۔
ہنڈا اٹلس کارز لمیٹڈ (ایچ اے سی ایل) کی فروخت اکتوبر میں 72 فیصد سال بہ سال اور 13 فیصد ماہ بہ ماہ بڑھ کر 2 ہزار 247 یونٹس تک جا پہنچی، جس میں سٹی اور سوک ماڈلز نے کلیدی کردار ادا کیا۔ چار ماہ میں کمپنی کی فروخت 54 فیصد اضافے کے ساتھ 7 ہزار 487 یونٹس رہی۔
پاک سوزوکی کی اکتوبر میں فروخت 18 فیصد کمی کے بعد 7 ہزار 403 یونٹس تک محدود رہی، تاہم سال بہ سال فروخت میں ایک فیصد معمولی اضافہ ہوا۔ مالی سال کے ابتدائی چار ماہ میں کمپنی کی مجموعی فروخت 33 فیصد بڑھ کر 27 ہزار 234 یونٹس رہی۔