افغانستان کی عبوری طالبان حکومت نے اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے اور وانا کے کیڈٹ کالج پر دہشتگرد حملے کی مذمت کی ہے۔
افغان وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد دھماکا اور وانا کے تعلیمی ادارے پر حملہ نہایت افسوسناک واقعات ہیں، افغان حکومت ان دہشتگرد کارروائیوں کی سخت مذمت کرتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ان واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں، زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے جی-الیون کچہری کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے میں 12 افراد شہید اور 30 زخمی ہوئے تھے، جب کہ دو روز قبل وانا میں کیڈٹ کالج پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا، جسے سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا اور تمام 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق وانا حملے میں ملوث دہشتگرد افغانستان سے رابطے میں تھے، جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وانا اور اسلام آباد حملوں سے متعلق شواہد بین الاقوامی فورمز پر پیش کیے جائیں گے۔