وفاقی آئینی عدالت کی جانب سے ملک کے چاروں صوبوں میں رجسٹریاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ شہریوں کو اپنے ہی صوبے میں آئینی نوعیت کے مقدمات دائر کرنے کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق وفاقی آئینی عدالت کے جسٹس عامر فاروق نے بتایا کہ صوبائی رجسٹریاں قائم ہونے سے عوام کو مرکزی سطح پر آنے کی ضرورت نہیں رہے گی اور انہیں اپنے علاقوں میں ہی آئینی معاملات کے حل تک رسائی ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئینی عدالت اس وقت عبوری مرحلے سے گزر رہی ہے، تاہم بہت جلد مکمل طور پر فعال ہو کر اپنے آئینی کردار کی انجام دہی شروع کر دے گی۔
جسٹس عامر فاروق نے یہ بھی بتایا کہ عدالت کی پرنسپل سیٹ سے صوبائی رجسٹریوں تک ویڈیو لنک کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس کے نتیجے میں مقدمات کی سماعت میں مزید شفافیت، آسانی اور سرعت پیدا ہوگی اور فریقین کو بہتر قانونی سہولیات میسر آئیں گی۔