صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومتِ سندھ کراچی کو نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کا سب سے جدید، ترقی یافتہ اور پائیدار شہر بنانے کے عزم پر قائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ محکمے دن رات کام کر رہے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ شہر کے بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت اور دیگر اہم شعبوں میں جامع اور منظم منصوبہ بندی کے تحت ترقیاتی کام جاری ہیں تاکہ کراچی کو ایک جدید، پائیدار اور شمولیتی شہر میں تبدیل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہری سہولیات میں بہتری حکومت کی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں سڑکوں اور ٹریفک کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے اب تک 194 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جا چکی ہے۔ شاہراہِ بھٹو کوریڈور، ملیر ندی پل، مختلف انڈر پاسز اور فلائی اوورز جیسے بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے، جو ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور شہریوں کی آمد و رفت میں سہولت کا باعث بنیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی کے اہم ترقیاتی منصوبوں پر مارچ تک عملی کام شروع ہو جائے گا اور ان منصوبوں میں معیار کے ساتھ ساتھ مقررہ مدت کی پابندی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی اور دیگر بڑے شہروں میں 9 ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتالوں کی توسیع اور نئے میڈیکل کالجز کے قیام کے لیے 300 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ریڈ، ییلو اور اورنج لائن سمیت بی آر ٹی منصوبوں کے لیے 155.34 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے کہ شہری ترقی کے عملی اثرات اپنی روزمرہ زندگی میں واضح طور پر محسوس کریں۔ ہر منصوبہ اور ہر خرچ ہونے والا روپیہ شہریوں کی سہولت، بہتری اور خوشحالی کو مدنظر رکھ کر استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے لیے جامع حکمتِ عملی میں پائیدار انفرااسٹرکچر، معیاری تعلیم، بہتر صحت کی سہولیات، جدید ماس ٹرانزٹ نظام، صاف پانی کی فراہمی اور محفوظ رہائش کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔