سالِ نو کا پہلا سپر مون آج رات آسمان پر جلوہ گر ہوگا، جس دوران پورا چاند معمول کے مقابلے میں زیادہ بڑا اور غیر معمولی طور پر زیادہ چمکدار دکھائی دے گا، جسے فلکیاتی شائقین کے لیے ایک دلکش منظر قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان میں سپر مون کا آغاز شام 5 بج کر 51 منٹ پر ہوگا، جبکہ اسپارکو کے مطابق یہ سپر مون عام چاند کے مقابلے میں تقریباً 6 سے 7 فیصد زیادہ بڑا دکھائی دے گا، جس کے باعث اس کی چمک اور حجم واضح طور پر نمایاں محسوس ہوگا۔
یہ سپر مون روایتی طور پر وولف مون کہلاتا ہے، جبکہ فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کا سب سے خوبصورت اور دل موہ لینے والا منظر چاند کے طلوع کے وقت رات کے ابتدائی حصے میں دیکھا جا سکے گا، جب چاند افق کے قریب ہوگا۔
ماہرین کے مطابق یہ سپر مون اکتوبر 2025 میں شروع ہونے والے سپر مون کے سلسلے کا آخری سپر مون ہوگا، جس کے بعد یہ سلسلہ وقتی طور پر اختتام کو پہنچ جائے گا۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ سپر مون اس وقت ظاہر ہوتا ہے جب چاند زمین کے عام فاصلے کے مقابلے میں زیادہ قریب آ جاتا ہے، اور اسی قربت کے باعث چاند سائز میں معمول سے بڑا اور روشنی میں زیادہ تیز نظر آتا ہے۔