ملک میں کل مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی جا رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغرب کی جانب سے آنے والا بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگا، جس کے اثرات بالائی پنجاب اور مغربی علاقوں میں نمایاں طور پر دیکھنے میں آ سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس موسمی نظام کے تحت پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش متوقع ہے، جبکہ مغربی علاقوں میں بھی کہیں کہیں بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ میدانی علاقوں میں سردی اور دھند کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے، تاہم بارش کے بعد دھند اور اسموگ کی شدت میں کمی آ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری اور گلیات میں بھی بارش ہونے کی توقع ہے، جس سے سردی کی شدت میں عارضی اضافہ ہو سکتا ہے۔ تاہم ماہرین نے واضح کیا ہے کہ 16 جنوری سے 25 جنوری کے دوران ملک میں کسی غیر معمولی یا تاریخی نوعیت کی شدید سرد لہر کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ڈی جی میٹ عرفان ورک کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے پاکستان میں مغربی ہوائیں داخل ہوں گی، اور بارش کے بعد اسموگ اور دھند کی صورتحال میں واضح بہتری متوقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ موسمیات صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی بڑی تبدیلی سے بروقت آگاہ کیا جائے گا۔