بھارت کے جنوبی شہر بنگلور میں واقع کیمپے گوڑا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک کوریائی خاتون کو مبینہ طور پر جنسی ہراساں کرنے کے الزام میں ایئرپورٹ گراؤنڈ اسٹاف کے ایک ملازم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جس کے بعد واقعے کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کوریائی خاتون 19 جنوری کو کوریا جانے والی پرواز کے لیے ایئرپورٹ پر موجود تھیں۔ امیگریشن کلیئر کرنے کے بعد ایک ایئرپورٹ ملازم نے ان سے ٹکٹ دکھانے کا مطالبہ کیا اور دعویٰ کیا کہ ان کے سامان میں مسئلہ ہے، کیونکہ اسکیننگ مشین پر الارم بجا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ملزم نے خاتون کو یہ باور کرایا کہ اگر وہ دوبارہ سیکیورٹی کاؤنٹر پر گئیں تو وقت ضائع ہوگا اور ان کی پرواز چھوٹ سکتی ہے۔ اسی بہانے وہ خاتون کو مردوں کے واش روم کے قریب لے گیا، جہاں مبینہ طور پر اس نے جنسی ہراسانی کی اور نامناسب انداز میں تلاشی لی۔
واقعے کے فوراً بعد کوریائی خاتون نے ایئرپورٹ سیکیورٹی حکام کو شکایت درج کرائی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینے کے بعد ایئرپورٹ ملازم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے تاکہ تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں۔