بلوچستان کے ضلع چاغی اور خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں پیش آنے والے الگ الگ ٹریفک حادثات کے نتیجے میں مجموعی طور پر 9 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 13 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے یک مچ کے قریب دو گاڑیوں کے درمیان شدید تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق حادثے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر دالبندین اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں موٹر وے ایم ون پر انبار انٹرچینج کے قریب ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں پانچ گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اس حادثے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو باچا خان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا۔ حادثے کا شکار گاڑیاں پشاور سے اسلام آباد کی جانب جا رہی تھیں۔ حادثے کے باعث موٹر وے پر کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی۔
ابتدائی طور پر دونوں حادثات کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے تحقیقات کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔